بلاری :11؍جون (ایس اؤ نیوز)ریاست کے بلاری کی میگنیز جندال فیکٹری میں کورونا وائرس کے معاملات میں اچانک اضافہ ہونے سے عوام حیرت زدہ ہوگئے ہیں۔ جمعرات کو تصدیق ہوئے 34معاملات میں سے 27لوگ جندال سے تعلق رکھتے ہیں۔ بقیہ پانچ لوگ مہاراشٹرا سے بلاری لوٹے تھے۔ فی الحال ضلع میں کورونا پوزیٹیو کے 128کیس ہوگئے ہیں جب کہ بدھ کو یہ تعداد 94تھی۔
جندال کمپنی میں اچانک کورونا وائرس کےپوزیٹیو معاملات زیادہ ہونے سے عوام نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ لاک ڈاؤن کی شروعات میں ہی عوامی مانگ کی گئی تھی کہ جندال میں مینگنیز کی کھوج پر پابندی عائد کی جائے ۔ لیکن عوامی مطالبے کو نظر انداز کرتے ہوئے کمپنی کو جاری رکھنے کی وجہ سے آج بلاری میں حالات سنگین ہونے کا الزام عائد کرتےہوئے واٹس اپ گروپس میں سخت اعتراض جتایا جارہاہے۔
جندال کے ذمہ داروں نے کہاتھا کہ کمپنی میں مینگنیز پیداوار کے لئے بہت کم عملے کا استعمال کیاجائے گا۔ اس کے بعد لاک ڈاؤن کے اصول و ضوابط کی پرواہ نہ کرتے ہوئے بسوں میں کمپنی کا عملہ سفر کرتے دیکھ کر عوام نے دوبارہ اعتراض اٹھایاتھا۔ خود کمپنی کا عملہ بھی اس سلسلے میں خدشہ ظاہر کرنے کے باوجود جندال کی سرگرمیاں جاری تھیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق جندال میں 30ہزار مزدور ہیں ۔جندال سے تعلق رکھنے والوں میں کورونا پوزیٹیو کے زیادہ معاملات پیش آنے سے جندال کے مزدوروں میں ، ان کے خاندان والوں میں اورعلاقے میں رہائش اختیار کئے لوگوں میں ڈر گھر کرگیا ہے۔